فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں “بیاد اقبال” کے عنوان پر آل پاکستان محفل مشاعرہ کا انعقاد

  • June 13, 2023
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں شناور مشاعرہ سوسائٹی کے زیر اہتمام “بیاد اقبال” کے عنوان پر آل پاکستان محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ۔
وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے بطور سرپرست اعلیٰ شرکت کی۔
اس موقع پر یونیورسٹی کی فیکلٹی سمیت پرو وائس چانسلر پروفیسر کامران خالد خواجہ، پرنسپل پروفیسر نورین اکمل، سابقہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شمسہ ہمایوں ، رجسٹرار پروفیسر محمد ندیم قصوری، ڈین پروفیسر منزہ اقبال، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر بلقیس شبّیر، خزانچی پروفیسر عبدالحمید بھی موجود تھے۔ ججز کے فرائض افتخار فلک کاظمی، ڈاکٹر اقراء وارث اور ڈاکٹر حرا نے سر انجام دئیے۔
استقبالیہ خطاب میں پرنسپل پروفیسر نورین اکمل نے تمام شرکاء اور وائس چانسلر صاحب کو خوش آمدید کہا۔ اُنہوں نے “بیاد اقبال” کے حوالہ سے اقبال کے چند اشعار ملاحظہ فرمائے اور شرکاء سے داد وصول کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے شناور سوسائٹی اور اس کی پریزیڈنٹ کو اس شاندار مشاعرے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے ہمیں امن اور بردباری کا درس دیا ہے۔ نوجوان اگر علامہ اقبال کی فکر اور فلسفے سے راہنمائی حاصل کریں تو وہ یقینا مثالی اور معیاری انسان بن کر پاکستان کی بہتر خدمت کرکے پاکستان کے تمام مسائل حل کر سکتے ہیں۔اقبال کی شاعری قوم کے نوجوانوں کو خوابِ غفلت سے جگانے اور انہیں ایک نیک، پُر امن اور صالح معاشرہ تعمیر کرنے کی دعوت دیتی ہے۔دنیا امید پر قائم ہے اور ہم بھی امید کریں گے کہ اقبال کی شاعری سے قوم کے شاہین جاگ جائیں گے اور انہیں زندگی کا اصل مقصد مل جائے گا ۔اس امید کا اظہار علامہ اقبال نے خود بھی کیا ہے۔فرماتے ہیں کہ”نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے، ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی”
مشاعرہ میں نواسہ شاعر مشرق میاں اقبال صلاح الدین صاحب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اقبال کی باتوں سے اقبال کے شاہینوں کا لہو گرمایا۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال فرماتے ہیں کہ خواتین ہی غیرت مند نوجوان پیدا کرتی ہیں۔ اقبال کی شاعری کے دو اہم پہلو توحید اورنظم و ضبط ہیں۔ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی بدولت ہمیں اللّٰہ تعالیٰ کی پہچان نصیب ہوئی۔ اقبال نے لا الہ اللہ کا مفہوم کچھ اس طرح سے بیان کیا کہ کبھی کسی غیر اللہ کے سامنے نہیں جھکنا۔ غیر اللہ کے خوف سے توحید غالب نہیں آسکتی اور اسی طرح غم بھی ہماری شخصیت کو کمزور کر دیتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں صرف اللہ سبحان و تعالیٰ کے سامنے سر بسجود ہونا چاہیے ۔ توحید،دین اسلام کو ایک عالمی مذہب بناتا ہے۔ ہمیں اپنی زبان کے ساتھ ساتھ روح سے کلمہ توحید ادا کرنا چاہیے ۔ اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے علاوہ تقریب میں ملک پاکستان کے مشہور شعراء جناب عطا الحق قاسمی، سلمان گیلانی، حمیدہ شاہین، ڈاکٹر فخر عبّاس اور ارسلان عبّاس نے بطور مہمان اسپیکر شرکت کی اور محفل کی رونق کو چار چاند لگائے ۔ سلمان گیلانی نے اپنے منفرد انداز میں مزاحیہ شاعری پیش کی ، جس پر شرکاء بہت لطف اندوز ہوئے اور خوب دادد ی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی جانب سے مہمانان گرامی کوشیلڈز پیش کی گئیں ۔
تقریب میں سرکاری اور نجی یونیورسٹیز اور کالجزجیسے کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، منہاج یونیورسٹی، لاہور،یونیورسٹی آف پنجاب، یونیورسٹی آف گجرات، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ، علامہ اقبال میڈیکل کالج اور متعدد قومی معتبر اداروں کے طلباء نے شرکت کی اور نظم، غزل اور بیت بازی کے مقابلہ جات کروائے گئے اور فاتحین میں میڈلز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے ۔

EVENT INFO :

  • Start Date:June 13, 2023
  • End Date:June 13, 2023
X